پنجاب حکومت کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھالیا

 لاہور: پنجاب حکومت کی 23 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا،پنجاب حکومت کی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس لاہورمیں منعقد ہوئی جہاں قائم مقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے وزرا سے حلف لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی کابینہ میں ڈاکٹر یاسمین راشد کو محکمہ صحت کی وزارت دی گئی ہےاورعبدالعلیم خان کو محکمہ بلدیات اور کمیونٹی ڈیویلپمنٹ کا وزیر بنایا گیا ہے۔

جبکہ راجہ بشارت کو قانون پارلیمانی افیئرز،حافظ ممتاز احمد کو ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول،مخدوم ہاشم بخت کو محکمہ خزانہ پنجاب، سمیع اللہ چوہدری کو محکمہ فوڈ اور تیمور خان یوتھ افیئرز اینڈ اسپورٹس کے وزیر ہونگے۔

میاں محمودالرشید کو ہاؤسنگ اربن ڈیویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،فیاض الحسن چوہان کو محکمہ اطلاعات کا قلمدان دیا گیا ہے، جبکہ یاسر ہمایوں سرفراز کو ہائرایجوکیشن اور ٹورازم ڈپارٹمنٹ،میاں اسلم اقبال کو انڈسٹریز اینڈ کامرس اورمحسن لغاری اری گیشن، مراد راس اسکولز ایجوکیشن اور انصرمجید نیازی لیبراینڈ مین پاور کے وزیر ہوں گے۔

پنجاب کابینہ میں شامل سبطین خان، سردار آصف نکئی، حافظ محمد یاسر، نعمان لنگڑیال، حسنین دریشک، محمد انور، چوہدری ظہیر الدین، راجہ راشد حفیظ اور ہاشم ڈوگر کو ابھی کوئی محکمہ نہیں ملا ان کے محکموں کا اعلان بعد میں ہوگا۔

حلف اٹھانے کے بعد صوبائی وزرا نے صوبے کی ترقی کے لیے کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سینئر صوبائی وزیر علیم خان نے سرکاری گاڑی استعمال نہ کرنے اور اپنی تنخواہ شوکت خانم اسپتال کو دینے کا اعلان کیا۔