مولانا فضل الرحمٰن کو اپنی مجبوریوں سے آگا ہ کردیا:قمر زمان کائرہ

 

لاہور:پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ پیپلزپارٹی نے صدارتی امیدوار کے لئے اعتزاز احسن کا نام تجویز کیا تھا، ہم نے اس حوالے سے جیل میں میاں نوازشریف سے ملاقات کرنے کی کوشش کی جو بد قسمتی سے نہ ہو سکی ، مولانا فضل الرحمان کو اپنی مجبوریوں سے آگا ہ کردیاہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے حق میں اعتزاز احسن کا نام واپس لینے کیلئے آصف زرداری کے پاس آئے تھے لیکن ہم نے ان کو اپنی مجبوریوں سے آگا ہ کیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن کا نام جب ہم نے تجویز کیا تھا تو بتایا تھا کہ ہم نے یہ نام تجویز کیاہے کوئی نامزد نہیں کیا ۔

ان کی ذات پر جو تحفظات تھے ہم نے ان کی وضاحت بھی کی اور میاں نوازشریف سے جیل میں ملاقات کرنے کی بھی کوشش کی جو بد قسمتی سے نہ ہو پائی ۔ اس کے بعد پرویز رشید نے یہ کہہ دیا کہ اعتزاز احسن نوازشریف سے جیل میں معافی مانگیں ۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے اس کو ذاتی رائے قرار دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ جب پرویز مشرف ملک میں آکر بیٹھ گئے تھے تو پیپلز پارٹی خود چل کر مسلم لیگ ن کے پاس گئی کہ کوئی راستہ نکالیں ۔ ہم پر این آر او کا الزام لگایا جاتا تھا لیکن اس کی وجہ سے بے نظیر واپس آئیں اور نوازشریف بھی ملک میں واپس آئے اور جمہوریت کا راستہ کھلا۔ ہمارا ماضی واضح ہے کہ ہم جمہوری قوتوں کے ساتھ رہتے ہیں۔