اسلام آباد:الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری شیڈول کے تحت ضمنی انتخابات کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل آج سے شروع ہوگیا ہے جو30 اگست تک جاری رہے گا۔
قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 26 حلقوں میں 14 اکتوبر کو ضمنی انتخابات ہوں گے جب کہ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی آج سے 30 اگست تک وصول کیے جائیں گے جس کے بعد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 31 اگست کو جاری کی جائے گی۔
انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 4 ستمبر تک کی جائے گی، کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 8 ستمبر تک دائر کی جاسکیں گی جن پر فیصلے 13 ستمبر تک ہوں گے۔
الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 14 ستمبر کو جاری کی جائے گی، امیدوار 15 ستمبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے اور انتخابی نشانات کے ساتھ حتمی فہرست کا اجرا 16 ستمبر کو کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے 2 اور صوبائی اسمبلیوں کے 7 حلقوں میں الیکشن ملتوی ہوا تھا جب کہ عام انتخابات میں زیادہ نشستوں پر جیتنے والوں نے 28 نشستیں چھوڑی ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 56 اٹک، این اے 60 راولپنڈی، این اے 63 راولپنڈی، این اے 65 چکوال، این اے 69 گجرات، این اے 103 فیصل آباد، این اے 124 لاہور، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی میں ضمنی الیکشن ہونا ہیں ۔
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 3، 27، 87، 103، 118، 164، 165، 201، 222، 261، 272، 292، 296 میں ضمنی انتخاب ہوگا جب کہ سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 30، 87، بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 35 اور پی بی 40 میں ضمنی انتخاب ہوگا
اسی طرح خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 3، 7، 44، 53، 61، 64، 78، 97 اور 99 میں بھی ضمنی انتخاب 14 اکتوبر کو ہوگا۔