صدارتی الیکشن:اعتزازاحسن،عارف علوی اورفضل الرحمان کےکاغذات نامزدگی منظور

الیکشن کمیشن میں صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال جاری ہے اور پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے امیدوار عارف علوی اور اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نامزدگی فارم منظور کرلیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جس کے بعد ملک بھر سے جمع کرائے گئے 12 امیدواروں میں سے 4 کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔
چیف الیکشن کمشنر نے اعتزاز احسن، ڈاکٹر عارف علوی، مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے۔
کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی پیش ہوئے جب کہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے عبدالغفور حیدری اور احسن اقبال پیش ہوئے۔
صدارتی امیدواروں میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی، پیپلز پارٹی کے اعتزاز احسن اور حزب اختلاف کی دیگر جماعتوں کے امیدوار مولانا فضل الرحمان کے نام شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ملک میں صدارتی انتخابات 4ستمبر کو ہوں گے۔