صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز کا نام تحریک انصاف ہی نے دیا: خورشید شاہ

 

اسلام آباد: پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ صدارتی امیدوار کیلئے اعتزاز احسن کا نام تحریکِ انصاف نے تجویز کیا تھا۔متفقہ صدارتی امیدوار کی تجویز وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری نے دی لیکن بعدمیں پی ٹی آئی نے یوٹرن لے لیا۔خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے صدارتی امیدوار کیلئے آصف علی زرداری کا نام تجویز کیا تھا لیکن فواد چودھری نے کہا کہ ایسا ممکن نہیں، پیپلز پارٹی کوئی دوسرا نام دے۔ ہم نے اعتزاز احسن کے نام پر فواد چودھری کو یقین دہانی کرائی لیکن انہوں نے متفقہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر کوئی رابطہ نہیں کیا اور عارف علوی کو بطور صدارتی امیدوار نامزد کر دیا۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چودھری وزیراعظم کے انتخاب کے موقع پر خصوصی طور پر بات کرنے خورشید شاہ کے پاس آئے اور متفقہ صدارتی امیدوار کی تجویز سے انھیں آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق فواد چودھری نے سابق وزیرِاعظم راجا پرویز اشرف کی موجودگی میں اعتزاز احسن کا نام مشترکہ امیدوار کے طور پر طے کیا خورشید شاہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاہ جی! صدر کا نام مشترکہ ہونا چاہیے۔خورشید شاہ نے جواب میں آصف زرداری کا نام صدارتی امیدوار کے لئے تجویز کیا لیکن فواد چودھری نے کہا یہ ممکن نہیں ہو گا،

پیپلز پارٹی کوئی دوسرا نام دے۔ ذرائع کے مطابق خورشید شاہ نے جواب میں کہا کہ پھر آپ ہی صدارتی امیدوار کا نام تجویز کر دیں۔ فواد چودھری نے ہی اعتزاز احسن کا نام دیا جسے خورشید شاہ نے فوری ڈن کر دیا اور یقین دہانی کرائی کہ اپنی پارٹی سے پوچھے بغیر ڈن کر رہا ہوں، پارٹی کو قائل کرنا میری ذمہ داری ہے۔بعد ازاں پیپلز پارٹی نے اعتزاز احسن کا نام باقاعدہ تجویز بھی کر دیا لیکن فواد چودھری اور تحریکِ انصاف نے متفقہ امیدوار کے لئے پھر پیپلز پارٹی سے رابطہ ہی نہیں کیا اور متفقہ امیدوار کی تجویز گول کرتے ہوئے عارف علوی کو امیدوار نامزد کر دیا۔