صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینےکاوقت ختم

اسلام آباد: صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کا وقت ختم ہوگیا،صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے بعد ملک بھر سے جمع کرائے گئے 12 امیدواروں میں سے 4 کے کاغذات نامزدگی منظور کیے گئےجن کے درمیان 4 ستمبر کومقابلہ ہوگا۔

الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق صدارتی امیدواروں کی حتمی فہرست آج سہ پہر ایک بجے جاری کی جائے گی۔

چیف الیکشن کمشنر نے گزشتہ روز اعتزاز احسن، ڈاکٹر عارف علوی، مولانا فضل الرحمان اور امیر مقام کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے تھے۔

اب تک اپوزیشن مولانا فضل الرحمان یا اعتزاز احسن میں سے کسی ایک نام پر متفق نہ ہو سکی جس کی وجہ سے تحریک انصاف کے عارف علوی کی جیت یقینی ہے۔

یاد رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے مشترکہ امیدوار لانے میں اپوزیشن جماعتیں تقسیم کا شکار ہیں، پیپلز پارٹی اپنے امیدوار اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹ گئی تاہم مسلم لیگ (ن) کو اعتزاز کے نام پر شدید تحفظات ہیں۔