عالمی شہرت یافتہ قاری شیخ خلیل الرحمن انتقال کر گئے

 

مدینہ منورہ : حرمین شریفین کے آئمہ کے کشمیری استاد اور بین الاقوامی شہرت یافتہ قاری الشیخ خلیل الرحمن کی نماز جنازہ مسجد نبویﷺ میں ادا کرنے کے بعد جنت البقیع میں سپر د خاک کر دیا گیا،نماز جنازہ میں سعودی حکومت کے زعما،گورنر اور وزراکے علاوہ علماکرام سمیت سعودیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،ان کی نماز جنازہ مسجد نبوی کے امام وخطیب الشیخ علی عبدالرحمن الحذیفی نے پڑھائی۔

قاری شیخ خلیل الرحمن کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع مظفرآباد کی تحصیل پٹہکہ نصیرآباد کے گاؤں کڑیاں دراڑ سے تھا،مرحوم1960کی دہائی میں سعودی عرب میںدرس وتدریس کے سلسلے میں متعین کیے گئے تھے ،شیخ صاحب کے 2 بیٹے الشیخ محمد بن خلیل القاری اور الشیخ محمود بن خلیل القاری مسجد نبویﷺ میں گزشتہ کئی سال سے تروایح کی امامت کرہے ہیں جبکہ دونوں مسجد قبا اور مسجد قبلتین کے امام بھی ہیں،الشیخ قاری خلیل الرحمن بھی مسجد قبلتین کے سابق امام رہ چکے ہیں۔شیخ صاحب کے شاگردوں میں مسجد نبویﷺ اور مسجد حرام کے آئمہ اور موذنین شامل ہیں۔