یوم دفاع روایتی جوش جذبے سے منانے کی تیاریاں مکمل

 

اسلام آباد:یوم دفاع و شہدا آج ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، یوم دفاع کی مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہوگی۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان بطور مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم عمران خان نے یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ افواجِ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ دہشت گردی اور شدت پسندی کے خاتمے میں افواج پاکستان کی جرأت کوسراہتا ہوں۔عمران خان کا مزید کہنا ہے کہ اپنے ہمسایوں سمیت پوری دنیا سے برابری کی بنیاد پر باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔


وزیراعظم نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و تشدد کی روک تھام کیلئے اپنا کردار ادا کریں، ہم اپنے شہدا اور غازیوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر جاری پیغام میں کہا ہےکہ شہید کی جو موت ہے وہ قوم کی حیات ہے۔پاک فوج کے سربراہ نے شہدائے پاکستان اور ان کے لواحقین کو بھی سلام پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے یوم دفاع و شہدائے پاکستان کے حوالے سے خصوصی پرومو جاری کیا ہے۔پرومو میں آرمی چیف شہداکے لواحقین سے اظہار ہمدردی اور یکجہتی کررہے ہیں۔