ملک بھرمیں یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایا جارہاہے، 1965 کی جنگ میں شہید ہونے والے پاک فضائیہ کے جانبازوں کی قربانیاں فضائیہ کی تاریخ میں نا قابل فراموش ہیں۔
ملک بھر میں آج یوم فضائیہ منایا جارہا ہے، اور اسی مناسبت سے پاکستان ائیرفورس کی جانب سے ایک نغمہ بھی جاری کیا گیا ہے۔
ایئر وائس مارشل احسان رفیق نے پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہید کی قبر پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔ اس موقع پرایئروائس مارشل چوہدری احسان رفیق کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت تیار ہے۔
پاک بھارت انیس سوپینسٹھ کی جنگ میں پاک فضائیہ کے ناقابلِ فراموش کردار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سات ستمبر کو یوم فضائیہ ملی جوش وجذبے سے منایاجاتا ہے، یوم فضائیہ یاد دلاتا ہے کہ جب بزدل بھارتی افواج نے اچانک پاکستان پر حملہ کیا تو کس طرح ہمارے جاں باز دلیر شاہینوں نے دشمن کے حملے کو پسپا کرکے وطن عزیزکی آن بان اورشان کو قائم رکھا۔اس جنگ میں پاک فضائیہ کے پائلٹ ایم ایم عالم نے ایک منٹ سے کم وقت میں بھارتی فضائیہ کے پانچ طیارے گرا کر تاریخ رقم کی تھی اور دشمن کے تکبر کو پاش پاش کرتے ہوئے ان کے دانت کھٹے کردیئے تھے۔