لاہور :مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت نے سی پیک کے فنڈز روک لئے ہیں جس کے باعث مغربی حصے کی تکمیل میں تاخیر ہو جائیگی ،چین نے ہمارا اس وقت ساتھ دیا جب کوئی ہمیں دس ڈالر دینے کے لئے تیار نہیں تھا ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے سی پیک کے حوالے سے متنازعہ بیان کی تردید کی ہے لیکن اس منصوبے کو قوم کی نظروں میں متنازعہ کرنا پاکستان کے مستقبل سے کھیلنے والی بات ہے ۔ ہم نے ایک کاغذ کے ٹکڑے کو اربوں ڈالر کے منصوبے میں تبدیل کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبہ کو متنازعہ کرنا نہ پاکستان کے مفاد میں ہے اور نہ چائنہ کے مفاد میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو وضاحت کی ہے اس میں یہ نہیں کہا کہ ہم اس کی تردید کرتے ہیں بلکہ یہ کہا کہ بیان کو سیاق وسباق سے ہٹ کر پیش کیا گیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ہمارا واحد حلیف ہے ، اس نے اس وقت ہمارا ساتھ دیا جب کوئی ہمیں دس ڈالر دینے کیلئے تیار نہیں تھا ۔
اس ملک کے حوالے سے لوگوں کے دلوں میں وسوسے ڈالیں جائیں گے تو یہ پاکستان کے لئے مفید نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا مسئلہ یہ ہے کہ اس نے پچھلی حکومت کے ہر اچھے کام کوبھی متنازعہ بنانا ہے ۔ یہ اگر ملک کے ساتھ مخلص ہیں تو سی پیک کووہاں سے لیکر آگے چلیں جہاں مسلم لیگ ن کی حکومت نے اس کوچھوڑاہے ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف وزیر اعظم اور چند وزراسی پیک کو کامیاب کرنے کی بات کررہے ہیں اور دوسری طرف حکومت کے کچھ عہدیدار سی پیک کے حوالے سے بد گمانیاں پھیلا رہے ہیں ۔ ہم کوقومی منصوبے پر سیاست نہیں کرنی چاہئے یہ کسی ایک جماعت یا حکومت کا منصوبہ نہیں ہے ۔