لندن :لندن میں ایپا ایوارڈ کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ طوفان بدتمیزی برپا کردی ،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نوٹس لے لیا ۔تفصیلات کے مطابق لندن میں ایپا ایوارڈ کے دوران پاکستانی ہائی کمشنر نے مبینہ طور پر نشے کی حالت میں فنکاروں کے ساتھ بدتمیزی کی جس پر وہاں موجود لوگ بھی ہنستے رہے ۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پاکستانی ہائی کمشنر 10 فنکاروں کو سٹیج پر بلاتے رہے لیکن سوائے مہوش حیات کے کوئی سٹیج پر نہ آیا جبکہ اداکار جاوید شیخ 2 فنکاروں کے ساتھ پہلے ہی سٹیج پر موجود تھے ۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نے جاوید شیخ سے کہا کہ آپ کیسے ہیں ؟کیسے تو ہیں ایسے کیسے ہیں ؟اس پر جاوید شیخ نے بات کو ٹالنے کے لیے کہا ایسے ویسے جیسے تیسے۔
فنکار کا یہ جواب سن کر سب ہنسنے لگے ،پاکستانی ہائی کمشنر نے جاوید شیخ سے پھر پوچھا کہ آپ کی ڈائٹ کیا ہے اس پر جاوید شیخ نے قدرے سنجیدگی سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ اوپر والے کا کرم ہے کہ بات اب تک بنی ہوئی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے کلمہ طیبہ پڑھتے ہوئے کہا کہ نئے پاکستان کی بہت ساری تالیوں میں ،،اس کے بعد پاکستانی ہائی کمشنر جملہ مکمل نہ کر سکے اور نشے کی حالت میں ہی سٹیج پر پیچھے جا کر کھڑے ہو گئے ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اس حوالے سے نوٹس لے کر ہائی کمشنر کو اسلام آباد طلب کر کے وضاحت مانگ لی ہے ۔ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ہائی کمشنر کی غیر ذمے دارانہ سرگرمیوں کاسوشل اور الیکٹرانک میڈ یا سے پتہ چلا ۔