ماسکو: روس کے زیرِ تسلط جزیرہ نما کرائیمیا میں اگست میں ہونے والے ایک کیمیائی حادثے کے بعد وہاں سے پرندے غائب ہوگئے، جس پر ماہرین بھی حیران ہیں۔یہ پراسرار حادثہ کرائیمیا کے چھوٹے سے قصبے آرمیانسک میں 24 اگست کو پیش آیا تھا ،جس میں کرائیمیئن ٹائٹن پلانٹ سے گیس اور کیمیکل خارج ہوا تھا۔ کیمیائی مواد خارج ہونے کے بعد فضا میں عجیب بو تھی جبکہ مکانات، سڑکوں اور سواریوں پر زنگ نما مواد دیکھا گیا۔
https://youtu.be/sg4dnMuMjS0
اس واقعے کے بعد سب سے پہلے پرندے وہاں سے کوچ کرگئے اور صرف کوے ہی دکھائی دیئے۔ اس کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی اور لوگوں کو سانس لینے میں شدید مشکل ہونے لگی۔ لیکن اس بار بھی سرکار اور میڈیا دونوں ہی خاموش رہے۔ روسی حکومت نے بار بار عوام کو یقین دلایا کہ کوئی خطرہ نہیں اور فضائی آلودگی تباہ کن سطح سے آگے نہیں بڑھی ہے۔ اس کے بعد کیمیائی فیکٹری نے بھی اسی طرح کا بیان داغ دیا۔ پھر اچانک 4 ستمبر کو لوگ خوفزدہ ہوکر شہر چھوڑنے لگے۔ اس دوران بھی واقعے کی پراسراریت سے پردہ نہیں اٹھایا گیا جبکہ 4 ستمبر کو تین ہزار اور اگلے دن مزید ایک ہزار افراد علاقہ چھوڑ گئے۔بعد ازاں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے خصوصی نمائندہ برائے ماحولیات نے شہر کا دورہ کیا تو وہاں سرکاری رائے عامہ بدلنے لگی۔
ابتدائی ٹیسٹ کے بعد معلوم ہوا کہ فضا میں سلفر ڈائی آکسائیڈ کی غیر معمولی مقدار ہے جو نظامِ تنفس کے لیے انتہائی خطرناک ہونے کے علاوہ سرطان کی وجہ بھی بنتی ہے۔ تاہم اب تک اداروں نے اس پر کچھ نہیں کہا، بس یہ بتایا جارہا ہے کہ تھوڑا کیمیکل لیک ہوکر فضا میں شامل ہوا ہے۔البتہ اتنے بڑے شہر سے تقریباً تمام پرندوں کا کوچ کرجانا کسی المیے سے کم نہیں جس پر عالمی ماحولیات دانوں نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔