گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول دیا گیا

وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر گورنر ہاؤس لاہور کو عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ دروازے پر وقت سے پہلے ہی لوگوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ بڑی تعداد میں شہریوں نے گورنر ہاؤس کی سیر کی اور اہم مقامات دیکھے۔
گورنر ہاؤس سندھ، اور گورنر ہاؤس مری کے بعد گورنر ہاؤس پنجاب بھی آج سے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
گورنر پنجاب کے مطابق شہری مال روڈ پر الحمراء ہال کی طرف والے گیٹ سے گورنز ہاؤس کے اندر داخل ہوسکیں گے،ان کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس کا چڑیا گھر اور پارک بھی شہریوں کی اچھی تفریح کا باعث بنے گا۔
اس موقع پر انتظامیہ کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ شہری غیر متعلقہ چیزوں کو نہ چھوئیں، ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے تعاون کریں اور گورنر ہاؤس کی املاک کو نقصان پہنچانے سے گریز کریں۔
فیملیز کو آج سے ہر اتوار کی صبح 10 سے شام 6 بجے تک سیر کی اجازت ہوگی تاہم فیملی کے سربراہ کے پاس شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے۔