اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 30 برس کے ہو گئے تاہم انہوں نے یوم عاشور کی وجہ سے اپنی سالگرہ نہ منانے کا فیصلہ کیا اور کارکنوں کو بھی کسی قسم کی تقریب منعقد کرنے سے منع کر دیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری 21 ستمبر 1988 کو کراچی میں پیدا ہوئے،وہ اپنے والدین کی پہلی اولاد اور اپنی 2بہنوں بختاور بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری سے بڑے ہیں،انہوں نے 1999 میں اپنی والدہ کی جلاوطنی کے وقت سے لے کر اپنی زندگی کا بیشتر وقت ملک سے باہر پہلے دبئی اور پھر لندن میں گزارا اور وہیں تعلیم حاصل کی۔
واضح رہے بلاول بھٹو نے اپنی سیاسی زندگی کا پہلا الیکشن 2018 کے عام انتخابات میں لڑا اور لاڑکانہ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔ قومی اسمبلی میں اپنی پہلی تقریر پر انہوں نے سنجیدہ حلقوں سے داد وصول کی۔بلاول بھٹو پاکستان کے کم عمرترین پارٹی چیئرمین ہیں جنہوں نے 19 سال کی عمر میں یہ عہدہ سنبھالا۔