وزیرخارجہ شاہ محمود اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئے۔ ان کے ہمراہ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی ہیں۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی امریکا جانے کے لیے بغیر پروٹوکول اسلام آباد ایئر پورٹ پہنچے، وہ بورڈنگ پراسس کے لیے عام مسافروں کے ساتھ قطار میں کھڑے ہوئے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو اپنے درمیان پا کر شہری خوش ہوئے، ایئرپورٹ پر آئے مسافروں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نیو یارک میں ہونے والے اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کریں گے، وہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر بھرپور طریقے سے پاکستان کا مؤقف بیان کریں گے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی کو نیو یارک ہی میں بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے بھی ملاقات کرنا تھی تاہم بھارت مقبوضہ کشمیر کی حالیہ صورتحال کا بہانہ بنا کر ملاقات طے کرکے مُکر گیا۔