پاک بھارت جنگ کا سوچنا بھی بے وقوفی ہے۔ فواد چوہدری

اسلام آباد: وفاقی وزیرا طلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی سائیڈ لائن ملاقات کی منسوخی بدقسمتی ہے تاہم اب مستقبل کے لائحہ عمل خود بھارت نے ہی تیار کرنا ہے۔
بھارتی خبر ایجنسی کو انٹرویو کے دوران فواد چوہدری نے کہا کہ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں، بھارت کے ساتھ تمام تصفیہ طلب امور پر بات چیت کے لیے تیار ہے ہیں، مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کے درمیاں حقیقی مسئلہ ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ایک راستہ جنگ ہے، دونوں ملک ایٹمی طاقت ہیں تاہم جنگ کے بارے میں سوچنا بھی بے وقوفی ہے جب کہ دوسرا راستہ مذاکرات کا ہے جہاں بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جا سکتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہم تمام معاملات پر بحث کرنے کے لیے تیار ہیں، ہم نے گزشتہ 7 دہائیوں میں 3 جنگیں لڑیں تاہم اپنے ہمسائے تبدیل نہیں کرسکتے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں شاید وہاں پاکستان مخالف نعرے زیادہ بکتے ہیں تاہم پاکستان میں بھارت مخالف نعرے نہیں بکتے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی پر تشویش ہے، کلبھوش یادیو کے پاکستان میں بھارتی مداخلت کا ثبوت ہے۔