اپوزیشن کاحکومت سےگیس کی قیمت میں اضافہ واپس لینے کامطالبہ

اسلام آباد :قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہاکہ پرسوں عوام کی غربت کا رونا رویا گیا اور آج عوام پر منی بجٹ کی صورت منی مہنگائی کا بم گرادیا گیا، متوسط طبقے کے لیے گیس کی قیمت بڑھا دی گئی ہے۔
ومی اسمبلی میں ضمنی بجٹ پر بحث کرتے ہوئے قائدِ حزبِ اختلاف شہبازشریف کا کہنا تھاکہ پی ٹی آئی قیادت نے انتخابات سے قبل کہا تھا کہ کہ ان کے پاس بہترین ٹیم موجود ہے جو عوام کے مسائل کے حل کے لئے دن رات ایک کردیں گے اور اپنی مراعات کو بھی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کریں گے لیکن آ ج ذاتی دوست اور امپورٹڈ ایڈوائزر ہر جگہ نظر آرہے ہیں، انہوں نے کہاکہ اسد عمر ایک پڑھے لکھے وزیرخزانہ ہیں ان سے توقع نہیں تھی کہ وہ ایسا عوام دشمن بجٹ لائیں گے۔ آپ اشرافیہ کے لیے قیمتیں بڑھادیں کوئی اختلاف نہیں کرے گا لیکن غریب عوام پر ٹیکس بڑھانا ان کے بچوں پر ظلم کی بات ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے کمیشن کے قیام کا خیر مقدم کرتے ہیں، امید ہےکہ کمیشن نتائج پر پہنچ کر رپورٹ پیش کرے گا اور حکومت سے بھی امید کرتے ہیں کہ اس کمیشن کی رپورٹ کو جلد سے جلد مکمل کرکے ایوان اور قوم کے سامنے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابی نتائج کو دوام بخشنے ایوان میں نہیں آئے، ہم جمہوریت کو فروغ دینے اور اس کی شمع جلائے رکھنے کے لیے آئے ہیں، یقین دلاتا ہوں کہ حزب اختلاف اس معاملے میں حقائق کی روشنی میں بھرپور تعاون کرے گی۔