بیک وقت 3 طلاقوں پر سزا کی تجویز

 

اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے بیک وقت 3 طلاقوں پر سزا دینے کے لئے بل تیار کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ذرائع کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے3 طلاقیں ایک ساتھ دینے پر سزا کا تعین بھی شروع کر دیا ہے۔سزائیں تجویز کرنے کے لئے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماڈل بل میں بیک وقت 3 طلاقوں پر سزا اور جرمانہ دونوں تجویز کیے جائیں گے، ماڈل بل بنانے کے لیے اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس 26 اور 27 ستمبر کو ہو گا اور بل بھی تیار کیا جائے گا جو بعد میں وفاقی حکومت کو بھیج دیا جائے گا۔اسلامی نظریاتی کونسل پہلے ہی بیک وقت3 طلاقوں کو قابل تعزیر عمل قرار دے چکی ہے۔اسلامی نظریاتی کونسل اجلاس میں خواتین کے وراثتی حقوق پر سفارشات بھی زیر غور آئیں گی اور کم عمر شادیوں کے معاملے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔