غیرقانونی اشتہاری ٹھیکہ،یوسف رضا گیلانی کی مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر

اسلام آباد : احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو 10لاکھ کے مچلکے جمع کرانےکا حکم دے دیا ہے ، یوسف رضا گیلانی پر اپنے دور اقتدار میں اختیارات کے غلط استعمال اور کرپشن کا الزام ہے۔یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استنثنیٰ کی درخواست جمع کرادی۔
تفصیلات کے مطابق اشتہاری مہم کا غیر قانونی ٹھیکہ دینے کے الزام پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف نیب ریفرنس پر سماعت ہوئی، احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریفرنس کی سماعت کی۔
سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا میں اس وقت وزیراعظم تھا، وزارت آئی ٹی کی تشہیر کےلیےاشتہارات کا ٹھیکہ دیا ، ٹھیکہ پیمرا رولز کے تحت دیا گیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست دائر کر دی، جس میں کہا گیا سیکیورٹی وجوہات پر پیش نہیں ہو سکتا، 4 دیگر مقدمات میں کراچی میں بھی پیش ہو رہا ہوں۔
جس پر عدالت نے استثنیٰ کی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کر دیا اور کہا وکیل نیب آئندہ سماعت پراستثنیٰ کی درخواست پر جواب جمع کرائیں۔
عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو 10 لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے کہا مچلکے حاضری یقینی بنانے کے لیے جمع کرائے جائیں۔
احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی سمیت ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
احتساب عدالت آمد پر سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ وہ پہلی مرتبہ عدالت نہیں آئے وہ جیل بھی کاٹ چکے ہیں، ان کے علاوہ، نوازشریف، شاہدخاقان اور راجہ پرویز اشرف بھی آئیں گے۔
احتساب عدالت نے نیب ریفرنس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، چیئرمین پیمرا محمد سلیم سمیت سات ملزمان کو آج پیش ہونے کا حکم دے رکھا تھا۔