سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی تشکیل، نوٹی فکیشن جاری

کراچی:سندھ حکومت نے سانحہ 12 مئی کی تحقیقات کے لئے جے آئی ٹی تشکیل دیتے ہوئے اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
جے آئی ٹی عدالت عالیہ کے حکم پر بنائی گئی ہے جو 7 اعلیٰ افسران پر مشتمل ہے جس میں سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، آئی بی سندھ، رینجرز، ایم آئی اور آئی ایس آئی کے افسران شامل ہیں جب کہ جے آئی ٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی کراچی ہوں گے۔
نوٹی فکیشن کے مطابق جے آئی ٹی سانحہ 12 مئی کے مقدمات کی ازسر نو تحقیقات کرے گی اور 2 ہفتوں میں اپنی رپورٹ سندھ ہائی کورٹ میں پیش کرے گی۔
واضح رہے کہ 12 مئی 2007 کو سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی فائرنگ سے وکلا سمیت کم از کم 50 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔