نئے پاکستان کے جھوٹ ایک ایک کرکےسامنے آرہےہیں،سعد رفیق

 

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج بجلی، آٹا اور سیمنٹ سمیت دیگر اشیا مہنگی ہوگئیں، نیا پاکستان بننے کے بعد پی ٹی آئی کے ایک ایک کرکے سارے جھوٹ سامنے آرہے ہیں۔
لاہور میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ اس بار بجلی کے بل نہیں عوام کو بجلی لگائی گئی ہے، سی پیک منصوبے کے حوالے سے بھی منفی بیانات سامنے آرہے ہیں اگر سی پیک رول بیک کیا گیا تو 30 سال ضائع ہوجائیں گے۔
(ن) لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے میرے خلاف ایک عادی لوٹے کو ٹکٹ دیا، جو لوگ میرے خلاف کھڑے ہیں ان کا ایک بھائی ہمارے ساتھ اور دوسرا ہمارا مخالف ہے، پی ٹی آئی قیادت کو کس نے کہا تھا کہ اس حلقے میں لوٹوں کو ٹکٹ دے؟۔
سعد رفیق نے مزید کہا کہ اب مجھے انتخابات سے باہر کرنے کے لیے حربے آزمائے جارہے ہیں، اگر عام انتخابات 2018ء کے بعد ہمارے مطالبے پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی ہوتی تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جاتا۔