حنیف عباسی کی درخواست ضمانت سماعت کے لیے منظور

لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی ڈویژن بینچ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی۔
جسٹس عبادالرحمان لودھی اور جسٹس شاہد مبین پر مشتمل لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی ڈویژن بینچ نے حنیف عباسی کی طبی بنیادوں پر سزا معطل کرنے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ حنیف عباسی سخت بیمار ہیں، دل میں اسٹنٹ ڈالا گیا ہے اور جیل میں علاج ممکن نہیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد حنیف عباسی کی سزا معطل کرکے ضمانت پر رہا کرنے کی درخواست سماعت کے لیے منظور کرلی جب کہ اینٹی نارکوٹکس فورس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے عدالت سے مکمل ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت کے جج سردار محمد اکرم خان نے ایفی ڈرین کوٹا کیس میں حنیف عباسی کو عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی جب کہ دیگر 7 ملزمان کو شک کی بنا پر بری کردیا گیا تھا۔