جعلی حلف نامہ :الیکشن کمیشن کا علیم خان کیخلاف کارروائی کا حکم

لاہور: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے جعلی حلف نامے جمع کرانے پر وزیر بلدیات پنجاب عبدالعلیم خان کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا خان نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی درخواست پر سماعت کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ علیم خان نے پرانی حلقہ بندیوں کے مطابق این اے 122 میں ہونے والے ضمنی انتخاب کو کالعدم قرار دینے کے لیے الیکشن کمیشن میں جعلی حلف نامے جمع کرائے۔
درخواست نے مزید کہا کہ علیم خان نے مذکورہ حلقے میں ووٹ ٹرانسفر کرنے پر بھی جعلی حلف نامے جمع کروائے تھے۔
الیکشن کمیشن نے سردار ایاز صادق کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں سیشن کورٹ میں درخواست جمع کرانے کی ہدایت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے وزیر بلدیات پنجاب علیم خان کے خلاف کارروائی کرنے کا بھی حکم دیا۔