غفار ذکری مارا گیا، بچے کی ہلاکت پر دکھ ہے، پولیس چیف

کراچی: پولیس اور خفیہ اداروں کے آپریشن کے نتیجے میں بدنام زمانہ لیاری گینگسٹر غفار ذکری کی ساتھی سمیت ہلاکت پر ردعمل دیتے ہوئے کراچی پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا ہے کہ دہشت کی علامت ایک خطرناک مجرم مارا گیا، تاہم انہوں نے کارروائی کے دوران ایک بچے کی ہلاکت پر دکھ کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ رات گئے کراچی کے علاقے لیاری میں پولیس مقابلے کے دوران گینگ وار کا مطلوب ترین ملزم غفار ذکری، اپنے 3 سالہ بیٹے اور ساتھی چھوٹا زاہد سمیت مارا گیا تھا جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سب انسپیکٹر اور 2 اہلکار زخمی بھی ہوئے۔
ہلاک ملزم غفار ذکری نے اپنے بیٹے کو ڈھال بنا رکھا تھا، جو مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آیا۔
میڈیا سے گفتگو میں غفار ذکری کے خلاف کیے گئے پولیس آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے پولیس چیف امیر شیخ کا کہنا تھا کہ کافی دنوں سے ریکی چل رہی تھی، پولیس نے غفار ذکری سے متعلق معلومات جمع کیں اور انتہائی بہادری سے کامیاب آپریشن کیا۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس اور رینجرز کے جوان اپنی جان خطرے میں ڈال کر کام کرتے ہیں، ہمارے اہلکاروں کو بھی گولی لگی ہے، جن کی قربانیوں کو دیکھنا چاہیے۔
ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ کارروائی میں حصہ لینے والے سب انسپکٹر محمد علی اور ان کی ٹیم کو وہ اپنی طرف سے پانچ لاکھ روپے انعام دے رہے ہیں جبکہ وہ آئی جی کو بھی پولیس ٹیم کے لیے 10 لاکھ روپے انعام کی سفارش کریں گے۔