اسپیکرکی اجازت کےبغیرشہبازشریف کی گرفتاری قانون کی خلاف ورزی ہے،ن لیگ

لاہور:مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی نےصدر مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی گرفتاری پرردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کے استعمال کی بد قسمت تاریخ ایک بار پھر دہرائی جا رہی ہے، ا سپیکر قومی اسمبلی کی اجازت کے بغیر قائدِ حزب اختلاف کی گرفتاری خلاف قانون ہے۔

ن لیگ کی پارلیمانی پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لئے یہ ہتھکنڈے نئے نہیںجبکہ ایسی چیرہ دستیوں سے مسلم لیگ ن کے شیروں کے حوصلےاور جذبے مزید بڑھتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاستدانوں کو کرپشن کی ایک برائی بنا کر پیش کرنا ملک دشمنی ہے، ملک کو اس کا نقصان ہو رہا ہے۔ شہباز شریف نے اپنی زندگی قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے وقف کی۔

بیان میں مزید کہاگیا کہ ضمنی الیکشن کے موقع پر گرفتاری سے ثابت ہو گیا کہ حکومت مسلم لیگ ن سے کتنی خوفزدہ ہے۔

آزادانہ اور غیر جانبدارانہ الیکشن مخالفین اپنی سیاسی موت سمجھتے ہیں۔

لیڈر آف دی اپوزیشن اور لیڈر آف دی ہاؤس کے ساتھ برتاؤ میں واضح فرق قوم اور پوری دنیا دیکھ رہی ہے۔