لاہور: مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے اپنے والدکی
گرفتاری پر ردعمل دیتےہوئے کہاکہ اگر نیب نے ہر الیکشن سے پہلے ن لیگ کے رہنماؤ ں کو گرفتار کر کے مینڈیٹ نیازی صاحب کو دینے کی ٹھان لی ہے تو اپنا شوق پورا کرلیں، ہم اس سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں اور اللہ کے فضل سے سرخرو ہوں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ن لیگی رہنماؤں کی گرفتاریوں کو اصل مقصد یہ ہے کہ اگر ضمنی الیکشن میں یہ سیٹیں مل جائیں تو میری حکومت بچ جائے لیکن حکومتیں ایسے نہیں بچا کرتیں،
انہوں نے کہاکہ لولی لنگڑی حکومت ہوا میں معلق ہے، نیازی صاحب صرف چار ووٹ لیکر وزیراعظم بنے ہیں اور ضمنی الیکشن سے خوفزدہ ہیں۔
انہوں نے کہاکہ 37 صوبائی اور 11 قومی اسمبلیوں کے الیکشن ہیں اور نیازی صاحب کی کوشش ہے کہ ان میں کامیابی حاصل کر کے اپنی حکومت بچا لی جائے لیکن نیازی صاحب سے کہتا ہوں حکومت ایسے نہیں چلتی۔ان کا کہنا تھا کہ نیازی صاحب، آپ دھاندلی سے بنی حکومت کو چھپا نہیں سکتے، ہم آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاست میں قیدیں کاٹنی پڑتی ہیں، اپوزیشن کو برداشت کرنا پڑتی ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نواز شریف کا بھتیجا ہوں، شہباز شریف کا بیٹا ہوں جنہوں نے آمریت کے دور میں بھی قیدو بند کی صعوبتیں برداشت کیں لیکن ہمارے خلاف ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت نہ ہو سکی۔
عمران نیازی صاحب نے اور تو کوئی اچھا کام نہیں کیا لیکن ہاں اچھا کام ضرور کیا ہے، انہوں نے وزیراعظم ہاوس کی بھینسوں کی نیلامی بہت خوبی سے کی جس کی بھارتی میڈیا میں خوب پزیرائی ہوئی، یہ میری نہیں پورے پاکستان کی بدنامی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 71 سالہ تاریخ میں 16 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوئی اور ہمارے 5 سالوں میں 11 ہزار میگا واٹ پیدا ہوئے، ہم نے بجلی کے منصوبوں میں قوم کا 160 ارب روپے بجلی کے منصوبوں سے بچایا۔