لاہور:وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم بننے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کرتےہوئے کہاکہ مہنگائی بڑھائے بغیر ملک کا قرض اتارنے کا واحد طریقہ یہ ہے کہ ہم قوم کا لوٹا ہوا پیسہ وطن واپس لے آئیں۔وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کی قیمتیں نہ بڑھائیں تو 1200ارب کا گردشی قرضہ مزید بڑھ جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ حکومت کی باگ دوڑ سنبھالنے کے بعد پہلی پریس کانفرنس کررہا ہوں جس میں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ ان کیساتھ ہوا کیا ہے، تجربہ کار سیاست دانوں نے پاکستان کو کدھر پہنچا دیا ہے،خرچے زیادہ اور آمدنی کم ہو تو مطلب گھر کے حالات برے ہیں، دس سالوں میں کیا ہوا وہ عوام کوبتانا چاہتا ہوں۔
وزیر اعظم نے کہا ’قوم کو بتانا ضروری ہے کہ پچھلے دور میں تجربے کار سیاست دانوں نے ملک کو کہاں چھوڑا ہے، 10 سال پہلے 6 ہزار ارب کا قرضہ تھا، 2013 میں 15 ہزار ارب ہو گیا، ن لیگ کہتی تھی زرداری دور سب سے بد ترین تھا، 2013 سے 2018 تک ملک کا قرضہ 28 ہزار ارب پر چلا گیا، بیرون ملک قرضہ 60 ارب ڈالرسے 95 ارب ڈالر پر چلا گیا، اسپیڈی پنجاب کے تجربہ کار لوگوں نے کیا کیا سب کے سامنے ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قرضے سے بنی 3 میٹرو بسوں کا سالانہ خسارہ 8 ارب روپے ہے، جو کچھ سابقہ حکمران چھوڑ کر گئے ہیں اسی وجہ سے چیزیں مہنگی ہورہی ہیں، قرض لیے بغیر معیشت ٹھیک کرنے کا واحد راستہ لوٹی دولت کی وطن واپسی ہے۔