ہوسکتا ہے آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر دعویٰ کیا ہے کہ ہوسکتا ہے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، مسائل کے حل کے لیے دوست ممالک سے رابطے کررہے ہیں۔
وفاقی دارلحکومت میں وزیراعظم سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن (پی بی اے) اور کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹر (سی پی این اے) کے وفد نے ملاقات کی۔
ملاقات میں میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز اور مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے نیوز پرنٹ پر عائد 5 فیصد ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا انڈسٹری کو سپورٹ کریں گے اور مسائل حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم، صحت اور ثقافت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے کیوں کہ چاہتے ہیں کہ عام آدمی کی مشکلات کو کم کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ہمیں آئی ایم ایف کے پاس نہ جانا پڑے، مسائل کے حل کیلئے دوست ممالک سے رابطہ کر رہے ہیں اور توقع ہے اپنی پالیسیوں سے بہت جلد مسائل پر قابو پالیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملکی اقتصادی مسائل کی وجہ سے میڈیا کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے جب کہ میری کامیابی کی بڑی وجہ میڈیا ہے اور ہم میڈیا کو سپورٹ کریں گے۔