مشرف کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کا کیس سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے ضمانتی مچلکوں کی واپسی کا کیس سپریم کورٹ میں سماعت کیلئے مقرر کر دیا گیا۔
چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ ضمانتی مچلکوں کی واپسی سے متعلق کیس کی سماعت 23 اکتوبر کو کرے گا۔سپریم کورٹ نے کیس کی سماعت کیلئے فریقین کو نوٹسز بھی جاری کر دیئے ہیں۔
یاد رہے کہ اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف نے 10،10 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرائے تھے اور عدالت نے 20 لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ان کی ضمانت منظور کی تھی۔
جنوری 2016 میں کوئٹہ کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے اکبر بگٹی قتل کیس میں نامزد سابق صدر پرویز مشرف، سابق وفاقی وزیر داخلہ آفتاب احمد خان شیرپاؤ اور سابق صوبائی وزیر داخلہ میر شعیب نوشیروانی کو بری کر دیا تھا۔