ہمارا مقصدحکومت گرانا نہیں بلکہ جمہوریت بچاناہے،آصف زرداری

اسلام آباد: سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےسابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کوشش کی کہ غیر جمہوری طاقتوں کو موقع نہ ملے لیکن موجودہ حکومت کے طور طریقے جمہوری نہیں، یہ ملک ایسے چلتا نظر نہیں آ رہا۔

اطلاعات کے مطابق اس موقع پر ڈیل سے متعلق سوال پر جواب دیتے ہوئے شریک چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی آصف زرداری نے کہا کہ حکومت سے ڈیل کرنے کے لیے مشرف کا دور بہتر تھا۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر رہے ہیں اور سب دوستوں کے ساتھ مل کر بات کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم سب کا بنیادی مؤقف ہے کہ حکومت کو جعلی مینڈیٹ حاصل ہے، یہ تو ایسی ہی حکومت ہے جیسے مشرف اور شوکت عزیز کی تھی۔انہوں نے کہا کہ ساری اپوزیشن مل بیٹھ کر مشترکہ لائحہ عمل طے کرے گی، ہم سب کا موقف ہے کہ مل کر چلا جائے۔