سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف نیب اپیلیں سماعت کے لیے مقرر کردی ہیں۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل سماعت کرے گا اور اس کے متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے گزشتہ روز سابق وزیراعظم نوازشریف، صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی سزا معطلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ ہائی کورٹ نے مقدمے کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائی کورٹ نے اپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا تاہم ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامہ کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔
واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف کو 10 سال، مریم نواز کو 7 اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی جب کہ حسین اور حسن نواز کو اشتہاری قرار دیا گیا۔