اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے بجلی کی قیمت ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ بڑھانے سے متعلق اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی منظوری دے دی۔
اطلاعات کے مطابق اجلاس کے بعدپریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ بجلی کی قیمت میں ایک روپے 27 پیسے فی یونٹ اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 5 کے وی سے کم بجلی استعمال کرنے والے کمرشل صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، ایسے صارفین کی تعداد 95 فیصد ہے،وزیر خزانہ نے مزید بتایاکہ 300 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے ایک کروڑ 76 لاکھ گھریلو کنکشن پر کوئی اضافہ نہیں کیا گیا، 300 سے 700 یونٹ والوں کے لیے 10 فیصد اور اس سے اوپر والوں کے لیے 15 فیصد اضافہ کیا گیا۔
وزیر خزانہ اسد عمر نے بتایا کہ اسکولوں اور اسپتالوں کے لیے بھی بجلی کے نرخوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوا۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کا یہ آخری پروگرام ہوگا۔