سعودی عرب میں پاکستان کوایک کرپٹ ملک کےطورپرپیش کیاگیا،فضل الرحمان

اسلام آباد: سربراہ جے یو آئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کو ایک کرپٹ ملک کے طور پر پیش کیا گیا عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستان کی جو پوزیشن دکھائی ہے ایسا کوئی احمق انسان بھی نہیں کر سکتا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتےہوئے کہاکہ عمران خان نے پاکستان کو ایک قلاش، بدعنوان اور دیوالیہ ملک کی حیثیت سے پیش کیا تاہم قوم سے خطاب کے دوران وہ اس طرح بات کررہے تھے جیسے کشمیر فتح کرکے آئے ہوں۔
مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سابق حکومت میں ڈالر 106 روپے پر رہا لیکن اب خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ 150 روپے تک جاسکتا ہے جب کہ جولائی سے ستمبر تک براہ راست سرمایہ کاری میں کمی آگئی ہے۔
مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ رابطے آخری مراحل میں ہیں، جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے مل کر ملک کو بچائیں گے۔