اسلام آباد:ملک بھر میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے جس کے تحت چوری میں ملوث افراد کو مختلف جرمانے اور سزائیں دی جائیں گی۔
گزشتہ دنوں وزیرِاعظم عمران خان کی زیرِ صدارت انرجی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کیے گئے تھے جن میں بجلی چوروں کیخلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ بھی شامل تھا۔
اب پہلے مرحلے میں پنجاب میں بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کا آغاز کردیا گیا ہے، صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کمیٹیاں بھی قائم کردی گئیں ہیں۔
بجلی چوروں کو موقع پر گرفتار کرکے مقدمہ درج کیا جائے گا جبکہ 10 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک جرمانہ اور 3 سے 7 سال قید کی سزا دی جاسکے گی۔بجلی چوروں کیخلاف آپریشن کے دوران مزاحمت کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔
بجلی چوروں کے خلاف پاور سیکٹر، ضلعی انتظامیہ اور پولیس مل کر کارروائی کریں گے، پہلے مرحلے میں کمرشل اور بڑے اداروں میں بجلی چوروں کو پکڑا جائے گا اور بجلی چور گھریلو صارفین کا دوسرے مرحلے میں نمبر آئے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بجلی چوری کیخلاف وزیرِاعلٰی پنجاب کی زیرِ نگرانی خصوصی ٹاسک فورس بھی بنائی ہے۔