اسلام آباد: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ این آر اور پر لعنت بھیجتا ہوں اور وزیراعظم ایوان میں آکر بتائیں ان سے کب، کس نے اور کس گواہ کی موجودگی میں این آر او مانگا ہے اگر انہوں نے یہ ثابت کردیا تو میں ہمیشہ کےلیے سیاست چھوڑ دوں گا ورنہ قائد ایوان عمران خان جھوٹ بولنے پر ایوان میں معافی مانگیں۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو کیا خواب آیا تھا، خانقاہ میں پتہ چلا یا کسی پیر فقیر نے بتایا کہ میں نیسلن منڈیلا بننے کی کوشش کررہا ہوں، منڈیلا جھوٹ نہیں بولتا تھا اور یو ٹرن نہیں لیتا تھا، بڑھکیں اور دھمکیاں نہیں دیتا تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میری گردن کسی کے آگے نہ جھکے گی اور نہ کٹے گی بلکہ صرف پاکستان کے لیے کٹے گی، چیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کیوں ہیلی کاپٹر کیس میں ملزم عمران خان سے ملے، یہ تو ایسا ہے کہ وہ مجھ سے بھی حراست میں ملنے کےلیے آئیں۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ حکومت اور نیب مل کر پوری قوم کو دھوکا دینا چاہتے ہیں، گزشتہ روز نیب تحقیقات کی ایک فہرست جاری جس میں چاروں صوبوں کے لوگوں کے نام ہیں، یہ ڈھکوسلا ہے اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکی جارہی ہے، میں این آر او پر لعنت بھیجتا ہوں، حکومت کو قیامت تک آس رہے گی کہ ہم این آر او کے لیے اس کے پاس جائیں گے۔