صدر مملکت نےکراچی میں 11 سال سے بند لوکل ٹرین کاافتتاح کردیا

کراچی:کراچی میں 11 سال سے بند لوکل ٹرین کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے افتتاح کردیا ،ٹرین کا روٹ 65 کلومیٹر پر محیط ہوگا جس کا کم از کم ٹکٹ 25 روپے اور زیادہ سے زیادہ 80 روپے ہوگا۔
کراچی سٹی اسٹیشن سے دھابیجی تک چلنے والی ٹرین کی افتتاحی تقریب سٹی اسٹیشن پر منعقد جہاں وزیر ریلوے شیخ رشید سمیت ریلوے کے افسران شریک تھے۔
حکام کے مطابق کراچی سٹی اسٹیشن سے دھابیجی کے لیے لوکل ٹرین صبح 7 بجے اور شام پونے 6 بجے روانہ ہوگی جبکہ دھابیجی سے کراچی سٹی کے لیے صبح 6 بجے اور شام 5 بجے ٹرین روانہ ہوگی۔خیال رہے کہ کراچی میں لوکل ٹرین سروس کا آغاز 60 کی دہائی میں ہوا تھا اور روزانہ دو درجن سے زائد ٹرینیں تین مختلف روٹس پر کراچی کے سٹی اسٹیشن سے دھابیجی، ملیر کینٹ اور کھوکھراپار جاتی تھیں، بعد میں ایک توسیعی منصوبے کے تحت 70 کی دہائی میں سرکلر ریلوے کا آغاز ہوا۔

کراچی شہر کی آبادی میں تیزی سے اضافے کے باوجود لوکل ٹرینیں رفتہ رفتہ کم ہوتی گئیں اور 2007 میں کراچی اور دھابیجی کے درمیان اور 2014 میں کراچی اور لانڈھی کے درمیان چلنے والی لوکل ٹرین بند کردی گئیں تھیں۔