رکشا ڈرائیور کے اکاؤنٹس سے 8 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کا انکشاف

کراچی: ملکی تاریخ میں بے نامی اکاؤنٹس کی اب تک کی سب سے بڑی ٹرانزیکشن کا انکشاف ہوا ہے،کراچی کے رکشا ڈرائیور کے اکاؤنٹس سے مجموعی طور پر ساڑھے 8 ارب روپے کی ٹرانزیکشن ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق رکشا ڈرائیور کا اکاؤنٹ عمار خان نامی شخص استعمال کرتا رہا ہے، بینک اکاؤنٹس کراچی اور بونیر کے مختلف بینکوں میں کھولے گئے، ایک نجی بینک کی برانچ سے 4 ارب 60 کروڑ روپے اور دوسری سے 3 ارب 60 کروڑ کی ٹرانزیکشن ہوئی،زور طلب خان کے نام سے سالارانٹر پرائزز کے ذریعے کاروبار کیا گیا، سالار انٹرپرائزز اور سالار مائننگ کے ذریعے کم از کم 5 بینکس سے ٹرانزیکشن ہوئی۔
ایف بی آر نے زور طلب خان کو نوٹس بھجوادیا جس میں ٹیکس چھپانے اور منی لانڈرنگ کے الزامات کے جواب طلب کرلیے جب کہ زور طلب خان کا بینک اکاؤنٹ استعمال کرنے والے عمار خان کو بھی جلد نوٹس روانہ کردیا جائے گا۔