بیجنگ : وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ سے ملاقات کی ، ملاقات میں ہرآزمائش پر پورا اترنے والی پاک چین دوستی مزید مضبوط بنانے پر بات چیت کی گئی۔
یر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزیراعظم عمران خان کابینہ کے دیگر ارکان کے ہمراہ چین میں موجود ہیں جہاں ان کی چین کے صدر شی جن پنگ سے چین کے گریٹ ہال میں ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاک چین اقتصادی راہداری سمیت دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے کے امور پر بھی بات ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان گزشتہ رات چینی قیادت کی دعوت پر اپنے چین کے پہلے سرکاری دورے پر بیجنگ پہنچے، ان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ، وزیر خزانہ اسد عمر، وزیرریلوے شیخ رشید احمد، وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار، وزیراعظم کے مشیرعبدالرزاق داؤد اور وزیراعلی بلوچستان جام کمال بھی ہیں۔ اس دورے میں دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جائے گا اور فریقین مختلف شعبوں میں تعاون کے متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط کریں گے۔