حکومت اور مظاہرین میں آج پھر مذاکرات ہوں گے

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے توہین رسالت کی مرتکب آسیہ مسیح کی بریت اور رہائی کے فیصلے کے بعد ملک بھر میں جاری احتجاج کے بعد گزشتہ روز حکومت کی جانب سے مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی تھی جس کی ناکامی کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ حکومت اور مظاہرین کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور ہوگا۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے جاری کیے گئے پیغام میں کہاکہ ملک بھرمیں حالات کنٹرول میں ہیں، حکومت تشدد سے بچنا چاہتی ہے، آخری وقت تک مسئلے کے پرامن حل کی کوشش کرے گی، سوشل میڈیا پرآپریشن کی افواہیں غلط ہیں۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی زندگی اورآزادی کی ضامن ہے، ریاست عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنائے گی، مظاہرین کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، وفاقی وزیربرائے مذہبی امورپیرنورالحق قادری آج بھی مظاہرین کی قیادت سے مذاکرات کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روزحکومتی ٹیم نے مظاہرین سے مذاکرات کئے تھے، حکومتی ٹیم کی قیادت وفاقی وزیرمذہبی امورپیرنورالحق قادری کررہے تھے، مذاکرات سے متعلق حکومت کی جانب سے کوئی واضح بیان نہیں آیا تھا تاہم مظاہرین کے رہنما خادم حسین رضوی نے ٹوئٹر پر مذاکرات میں ناکامی کا اعلان کیا تھا۔