پاکستان اور چین کے درمیان 15 معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر دستخط

وزیراعظم عمران خان چین کے دورے پر ہیں جہاں انہوں نے چینی صدر اور ہم منصب سے ملاقات کی، اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تعاون کے 15معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ہیں۔
دونوں ملکوں میں زراعت اور اقتصادی و تکنیکی تعاون کے معاہدے طے پاگئے، پاکستان سے غربت کے خاتمے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔
اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے درمیان تعاون کا معاہدہ بھی کیا گیا، جبکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور چین کی سائنس اکیڈمی کے درمیان معاہدہ بھی ہوا ہے۔
چین کی اکیڈمی آف سائنسز اور پاکستان میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ کے درمیان بھی معاہدہ ہوا ہے، زراعت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں معاونت کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔
پاک چین وزرائے خارجہ سطح کے اسٹریٹجک مذاکرات کے لیے دستاویز پر بھی دستخط کیے گئے،دونوں وزرائے اعظم معاہدوں پر دستخط کی تقریب میں موجود تھے۔
اس موقع پر اتفاق کیاگیا کہ پاکستان میں اقتصادی زونز کےقیام سےمتعلق چین مدد کرے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ معاہدوں سے قبل پاک چین وزرائے اعظم ملاقات اور مذاکرات میں دوطرفہ معاشی، تجارتی اور اسٹرٹیجک تعلقات مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی ہم منصب کو سی پیک سے متعلق اپنی ترجیحات سے آگاہ کیا، دونوں ملکوں کا سی پیک اور دیگر دوطرفہ منصوبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔
ذرائع نے بتایا کہ چینی وزیر اعظم لی کی چوانگ کا اس موقع پر کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان اور چین کے لیے ہی نہیں پورے خطے کے لیے گیم چینجر ہے ، پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، اس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے چینی قیادت کو اپنی حکومت کی معاشی اصلاحات اور ضروریات سے متعلق بھی آگاہ کیا۔
پاک چین وزرائے اعظم میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے فروغ سے دونوں ملکوں کے عوام کو فائدہ ہوگا۔
اس سے پہلے وزیراعظم عمران خان نے بیجنگ کے تیانمن اسکوائر پر پیپلز ہیروز کی یادگار پر پھول رکھے، وزیر اعظم کا استقبال چین کے وزیر اعظم نے کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پیپلز ہیروز کی یادگار پر کچھ دیر خاموشی بھی اختیار کی، وزیراعظم کےاعزازمیں گریٹ ہال میں خیرمقدمی تقریب بھی ہوئی۔
چین کےوزیراعظم لی چی کیانگ اورکابینہ کے ارکان نے وزیراعظم عمران خان کااستقبال کیا، وزیراعظم کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیاگیا۔