مظفرآباد:بھارتی فوج نے ایک بار پھر ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کر کے دو بچوں کی ماں کو شہید کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے بھمبر سیکٹر میں ایک بار پھر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، بلا اشتعال فائرنگ سے دو بچوں کی ماں منزہ بی بی شہید ہوئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج نے مؤثر جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا جس میں ایل او سی پر بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی تھمایہ گیا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی حکام کو بتایا گیا کہ رواں سال بھارت اب تک 2312 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔
بھارتی فوج ایل او سی کے قریب پاکستانی شہریوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر سے کہا کہ جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کی جائے۔