سپریم کورٹ میں نیب سروسز سے متعلق تمام کیسز کی سماعت ملتوی

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کا کیس درخواست گزار کی استدعا پر ڈی لسٹ کردیا۔
سپریم کورٹ نے 12 نومبر کو نیب سروسز سے متعلق تمام کیسز ملتوی کردیئے۔
عدالت نے 12 نومبر کو ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری سے متعلق کیس بھی سماعت کیلئے مقرر کیا تھا تاہم عدالت نے پیر کے روز نیب سروسز سے متعلق تمام کیسوں کی سماعت ملتوی کرکے انہیں ڈی لسٹ کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈی جی نیب لاہور کی جعلی ڈگری کا کیس درخواست گزار کی جانب سے کیس ملتوی کرنےکی درخواست دائر کرنے کے بعد ملتوی کیا گیا۔
ذرائع کاکہنا ہےکہ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ 12 نومبر کو عدالت میں پیش نہیں ہو سکوں گا لہٰذا کیس ملتوی کیا جائے۔
عدالت نے کیس ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو جاری کیا گیا سماعت کا نوٹس واپس لے لیا۔
سپریم کورٹ میں نیب میں خلاف ضابطہ بھرتیوں کا کیس بھی 12 نومبر کو سماعت کے لیے مقرر تھا جسے ملتوی کیا گیا ہے۔
گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بھی ڈی جی نیب لاہور کی ڈگری پر سوال اٹھایا تھا اور ان سے ڈگری میڈیا پر لانے کا مطالبہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے خصوصی انٹرویو کے دوران شریف خاندان کے افراد کے خلاف کیسز پر بات کی تھی۔