اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان سے قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف لیفٹنٹ جنرل غنیم بن شاہین الغنیم نے ملاقات کی۔
وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں قطر کی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے وزیراعظم عمران خان کو امیر قطر اور وزیر اعظم کا پیغام پہنچایا۔
قطری چیف آف اسٹاف نے وزیراعظم عمران خان کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ ملاقات میں پاک قطر باہمی مفادات پر مبنی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
ملاقات میں آنے والے برسوں میں پاک قطر دو طرفہ تجارت میں مزید اضافے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قطری پورٹ کو کراچی پورٹ کے ساتھ فیری کے ذریعے منسلک کیا جارہا ہے جس سے پاکستان کی قطر کو برآمدات میں 73 فیصد اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ قطر کی جانب سے ایک لاکھ پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور محنت کشوں کی بھرتی کیلئے کراچی اور اسلام آباد میں دفاتر کھولنے پر قطر کے شکر گزار ہیں۔وزیراعظم کی جانب سے امیر قطر اور وزیراعظم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قطری ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبد الرحمان نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی تھی۔