اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی جس میں وزیر خارجہ نے انہیں عافیہ صدیقی کیس سے متعلق کاوشوں سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے دفتر خارجہ میں ملاقات ہوئی جس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی پاکستان منتقلی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرخارجہ نے فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کیس میں حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کیا اور اس دوران ان کی پاکستان منتقلی کے آپشن پر بات چیت ہوئی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہاکہ عافیہ صدیقی کی صحت کا تحفظ یقینی بنانے کیلئے قونصلر وزٹس کی ہدایت کی ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ عافیہ صدیقی کے انسانی وقانونی حقوق کے تحفظ کیلئےبھی پاکستانی قونصلیٹ کو ہدایت کردی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ قید سے باہر نکلنا چاہتی ہوں، قید کی سزا غیر قانونی ہے، مجھے اغوا کر کے امریکا لایا گیا۔