افغان حکام نےایس پی طاہرخان داوڑکاجسد خاکی پاکستان کے حوالےکردیا

خیبر: افغان حکام نے خیبرپختونخوا کے آفسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کردیا جس کے بعد پولیس ٹیم میت لے کر لنڈی کوتل روانہ ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق طور خم بارڈر پرایس پی طاہر خان داوڑ کاجسد خاکی وصول کرنے کے لیے وزیرمملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی، صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی اور صوبائی ترجمان اجمل وزیر موجود تھے۔


خیال رہے کہ اس سے قبل افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کی میت پاکستانی حکام کے حوالے کرنے سے انکار کردیاتھا،افغان حکام کے مطابق طاہر داوڑ کی میت صرف محسن داوڑ کے ہی حوالے کی جائے گی تاہم اس حوالے سے افغان حکام اور پاکستانی وفد کے درمیان مذاکرات جاری ہیں،محسن داوڑ وزیرستان سے رکن قومی اسمبلی ہیں جو پاکستان میں پشتونوں کے حقوق‘ کے لیے آواز بلند کرنے کا دعویٰ کرنے والی تنظیم پشتون تحفظ موومنٹ کے سرکردہ اراکین میں شامل ہیں۔

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ شہید طاہر داوڑ کی نماز جنازہ اور تدفین سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔