اسلام آباد: ایس پی طاہر داوڑ کوحیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہید طاہر داوڑ کی نمازہ جنازہ پولیس لائن پشاور میں ادا کی گئی جس میں گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان، وزیر مملکت داخلہ شہر یار آفریدی، وزیر اعلی محمود خان، آئی جی خیبر پختون خوا، کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل شاہین مظہرمحمود، آئی جی ایف سی، چیف سیکریٹری، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی سمیت فوج اور پولیس کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کے جسد خاکی کو سلامی پیش کی جس کے بعد حیات آباد فیز 6 کے قبرستان میں ان کی تدفین کردی گئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق خیبرپختونخوا کے افسر طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کے حوالے کرنے کے لیے افغانستان کے شہر جلال آباد سے طورخم بارڈر لایا گیاتھا جہاں سےپاکستان کے حوالے کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر افغان حکام نے ایس پی طاہر خان داوڑ کا جسد خاکی پاکستانی حکام کو دینے سے انکار کردیا تھا تاہم حکومتی وفد کی جانب سے افغان حکام سے مذاکرات کے بعد طاہر خان کی میت طورخم بارڈر پر پاکستان کے حوالے کی گئی جس کے بعد پولیس ٹیم میت کو لے کر لنڈی کوتل روانہ ہوگئی ہے۔