جعلی اکاؤنٹس کیس،اکائونٹس تفصیلات کیلئے دبئی حکومت کو خط ارسال

اسلام آباد: مبینہ جعلی اکاؤنٹس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) نے کیم کراؤن انٹرنیشنل کے اکاؤنٹس کی تفصیلات کیلئے دبئی حکومت کو خط لکھ دیا۔
ذرائع کے مطابق دبئی میں قائم کیم کراؤن کمپنی مجید فیملی اور دبئی کے تاجر کی مشترکہ ملکیت ہے جس کی تفصیلات ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل جسٹس یو اے ای سے مانگی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ عرب امارات کے محکمہ انصاف سے تفصیلات وزارت خارجہ کے توسط سے مانگی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کیم کراؤن کمپنی کے ذریعے 220 افراد اور کمپنیز کو مختلف ملکوں میں 26 ارب روپے کی ٹرانزیکشنز ہوئیں اور یہ ٹرانزیکشن مختلف شخصیات کو فرانس، برطانیہ، کینیا، بھارت، پاکستان اور سری لنکا میں کی گئیں۔