اسلام آباد: حکومت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز کی جانب سے مبینہ طور پر سرکاری وسائل کے ناجائز استعمال کی تحقیقات نیب سے کرانے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر اور معاون خصوصی برائے میڈیا افتخار درانی کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نواز شریف کی بطور وزیراعظم اور رکن پارلیمنٹ ذمے داری تھی کہ وہ اثاثوں کے بارے میں بتاتے، نواز شریف نے الیکشن کمیشن کو بھی اثاثے کے گوشوارے نہیں دیئے۔
افتخار درانی نے کہا کہ گزشتہ دور میں وزیراعظم کے جہاز کا غیر قانونی استعمال ہوا، ہوائی سفر پر کروڑوں روپے غیر قانونی طور پر خرچ کیے گئے، شہباز شریف نے جہاز کا غیر قانونی استعمال کیا جس پر 60 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ ہوئی جب کہ مریم نواز نے بھی سرکاری جہاز کا استعمال کیا، اس کی نیب سے تحقیقات کرائیں گے۔
وزیراعظم کے معاونین خصوصی کا کہنا تھا کہ گفٹ اینڈ انٹرٹینمنٹ کی مد میں کئی گنا اخراجات کیے گئے، پانچ سال میں تحائف پر خرچ کیے گئے اخراجات کا پتا چل گیا ہے۔
شہزاد اکبر نے مزید کہا کہ برطانوی اخبار نے جس جائیداد کا ذکر کیا، نواز شریف نے اسےچھپایا، برطانوی اخبار نے شریف خاندان کی جائیداد کے بارے میں تحقیقی خبر شائع کی، لندن جائیداد کے حوالے سے نیب تحقیقات کرے۔