پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون پائلٹ مریم مختیار کی تیسری برسی

اسلام آباد:ہمت، بہادری اور دیدہ دلیری کا مظاہرہ کرنے والی پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون فائٹر پائلٹ مریم مختیار کی آج تیسری برسی منائی جا رہی ہے۔مریم مختیار نے 2014 میں پاک فضائیہ سے بطور فائٹر پائلٹ گریجویشن کی تھی۔
24 نومبر 2015 کو مریم مختیار شیخ اور اسکوارڈن لیڈر ثاقب عباسی اپنے معمول کے آپریشنل ٹریننگ مشن پر تھے کہ اُن کا طیارہ میانوالی ڈسٹرکٹ کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، جس میں مریم مختیار نے جام شہادت نوش کیا۔
حکومت پاکستان کی جانب سے مریم مختیار شہید کو ملک کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے پر تمغہ رسالت کے اعزاز سے بھی نوازا گیا۔
مریم مختیار شہید کی زندگی پر فیچر فلم ’ایک تھی مریم‘ بھی بنائی جا چکی ہے جس کے ذریعے انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
واضح رہے کہ مریم مختیار کو پاک فضائیہ کی پہلی شہید خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔مریم مختیار اگرچہ اب ہم میں نہیں، لیکن قوم کے دلوں میں وہ ہمیشہ زندہ رہیں گی۔