کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018شروع،مہمان پہنچ گئے

کراچی: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2018 کا افتتاح کردیا جس میں دنیا بھر سے کئی ممالک کے وفود شرکت کر رہے ہیں۔
کراچی کے ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش 30 نومبر تک جاری رہے گی جس میں امریکا، برطانیہ، روس اور چین سمیت 50 ممالک کے 250 سے زائد وفود شرکت کررہے ہیں۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل عمر محمود حیات سیمینار کی صدارت کریں گے جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر مارشل مجاہد انور خان اور پاک نیوی کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی دفاعی نمائش کے مختلف سیشن میں شرکت کریں گے۔
دفاعی نمائش میں 500 سے زائد ملکی و غیر ملکی کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کر رہی ہیں جن میں 321 غیرملکی اور 201 پاکستانی کمپنیاں شامل ہیں۔
دفاع نمائش میں شرکت کرنے والے نمایاں ممالک میں چین، برطانیہ، روس، امریکا، ترکی، اٹلی، جرمنی، اردن، پولینڈ، روس، جنوبی کوریا، یوکرائن، متحدہ عرب امارات اور دیگر شامل ہیں۔